سابق ممبر اسمبلی راجو سنگھ کو 7دن کی پولیس حراست

   

نئی دہلی، 3جنوری (سیاست ڈاٹ کام)نئے سال کے موقع پر منعقد جشن کے دوران ہوا میں گولی چلنے کے دوران ایک خاتون کی موت کے معاملے میں بی جے پی کے رہنما اور سابق ممبر اسمبلی راجو سنگھ کو دہلی کی ایک عدالت نے آج سات دنوں کے لئے پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا۔نئے سال کے موقع پر دہلی کے ایک فارم ہاوس میں راجو سنگھ نے پارٹی کے دوران ہوا میں گولی چلائی جس سے ایک خاتون زخمی ہوگئی بعد میں اس کی موت ہوگئی۔راجو سنگھ کو بدھ کو اترپردیش کے کشی نگر سے گرفتار کیاگیا۔ اسے ساکیت کی عدالت میں آج پیش کیا گیا۔ عدالت نے راجو سنگھ کو سات دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا۔جنتا دل یو کے سابق ممبر اسمبلی راجو سنگھ 2015 میں بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے ۔ راجو سنگھ نے 31دسمبر کو نئے سال کا جشن منانے کے لئے ایک پارٹی منعقد کی تھی جشن کے دوران گولی چلانے سے پارٹی میں شامل ارچنا گپتا زخمی ہوگئی تھیں۔ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد راجوسنگھ جس کار سے بھاگے تھے اس میں سے ایک پستول اور ایک رائفل بھی برآمد کی گئی تھی۔پولیس کودی گئی شکایت میں متوفیہ کے شوہر نے کہا کہ پیر کی رات نئے سال کا جشن منانے کے لئے وہ دوستوں کے ساتھ فارم ہاوس میں موجود تھے ۔ نصف شب کو راجو سنگھ نے دو تین راونڈ گولیاں چلائیں۔ گولی چلانے کے فوراً بعد انہیں معلوم ہوا کہ ان کی بیوی گر پڑی ہے اور اس کے جسم سے خون نکل رہا ہے ۔ خاتون کو فوراً اسپتال لے جایا گیا جہاں جمعرات کی صبح اس کی موت ہوگئی۔