سابق میئر ماجد حسین و دیگر کیخلاف مقدمہ درج، پولیس کو ڈیوٹی کی انجام دہی سے روکنے کا الزام

,

   

حیدرآباد۔ 7 جولائی (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس نے حیدرآباد کے سابق میئر و مہدی پٹنم کے مجلسی کارپوریٹر محمد ماجد حسین ، نانل نگر کے کارپوریٹر نصیر الدین اور ان کے دو ساتھیوں کے خلاف پولیس کو ڈیوٹی انجام دینے سے روکنے اور دھمکانے کے علاوہ ان پر حملہ کے سلسلہ میں دو علحدہ مقدمات درج کرلئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چہارشنبہ کی صبح محمد ماجد حسین ، نصیرالدین، احمد اور اکبر فلم نگر میں واقع ایک اراضی کے معاملہ میں وہاں پہنچے جہاں پر اراضی کا ایک اور دعویدار نکھل ریڈی موجود تھا ۔ بنجارہ ہلز پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ کر اراضی کے معاملہ میں تحقیقات کر رہی تھی اور دعویدار نکھل ریڈی سے تفصیلات حاصل کر رہی تھی کہ ماجد اور اس کے ساتھی وہاں پہنچ گئے ۔ اسی دوران ماجد حسین نے مبینہ طور پر انسپکٹر بنجارہ ہلز شیوا چندرا سے بدسلوکی شروع کردی اور پولیس کو ڈیوٹی انجام دینے سے روکتے ہوئے انہیں دھمکایا۔ اسی طرح سابق میئر نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے نکھل ریڈی کی اراضی پر مبینہ طور پر داخل ہونے کی کوشش کی جس کے نتیجہ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ انسپکٹر بنجارہ ہلز شیو چندرا کے مطابق پولیس نے اس سلسلہ میں از خود کارروائی کرتے ہوئے سب انسپکٹر روی راج کی شکایت حاصل ہونے پر تعزیرات ہند کی دفعہ 353 (پولیس کو ڈیوٹی انجام دینے سے روکنا اور رکاوٹیں پیدا کرنا) اور 506 (دھمکانا) کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے جبکہ نکھل ریڈی کی شکایت پر بھی تعزیرات ہند کی دفعہ 447 اور 506 و دیگر دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ محمد ماجد حسین اور دیگر مجلسی کارپوریٹر اور ان کے حامیوں کی جانب سے پولیس فورس کو دھمکانے کے ویڈیوز سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے سے سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ نکھل ریڈی نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جوبلی ہلز کوآپریٹیو ہاؤزنگ سوسائٹی سے 850 مربع گز اراضی خریدی اور اس پر وہ قابض ہے جبکہ ماجد حسین کے حامیوں نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ اراضی کو حنیف نامی شخص سے خریدا ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس معاملہ کو پہلے سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعہ رفع دفع کرنے کی کوشش کی گئی لیکن سوشیل میڈیا پر ماجد حسین کی پولیس کو کھلے عام دھمکی اور ڈیوٹی انجام دینے سے روکنے کے ویڈیوز تیزی سے وائرل ہونے اور اعلیٰ عہدیداروں کے علم میں پہنچنے کے نتیجہ میں پولیس نے فی الفور کارروائی کرتے ہوئے دو مقدمات درج کئے ہیں اور ان کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ماجد حسین اور دیگر کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس نے قانونی رائے حاصل کرلی ہے اور آئندہ دو یوم اس سلسلہ میں سخت کارروائی کئے جانے کی اطلاع ہے۔