سابق وزیراعظم پاکستان گیلانی کو ایرپورٹ پر روک دیا گیا

   

لاہور۔ 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو منگل کے روز لاہور ایرپورٹ پر سکیورٹی عہدیداران نے روک لیا۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق گیلانی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے تھے جہاں سے وہ جنوبی کوریا میں ایک کانفرنس میں شرکت کیلئے پرواز کرنے والے تھے تاہم انہیں طیارہ پر سوار ہونے سے روک دیا گیا کیونکہ ان کا نام نو فلائی فہرست میں شامل ہے۔ ایف آئی اے نے اپنے بیان میں بتایا کہ امیگریشن کاؤنٹر پر گیلانی کو یہ کہہ کر عہدیداروں نے روک لیا کہ موصوف کا نام چونکہ نو فلائی فہرست میں شامل ہے لہدا وہ ملک چھوڑ کر نہیں جاسکتے۔ عہدیداروں نے مزید کہا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے حکم کی تعمیل کی جارہی ہے۔ اس واقعہ پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور پی پی پی کے سینئر قائد گیلانی نے کہا کہ ان کے خلاف عدالت میں جتنے بھی معاملات زیردوران ہیں، وہ ان تمام کی سماعت کے لئے بلاناغہ عدالت میں حاضر ہوتے رہے ہیں۔ میرا نام نو فلائی فہرست میں شامل کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے، میں ملک چھوڑ کر فرار نہیں ہورہا ہوں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ حکومت پاکستان کو انہیں (گیلانی) اس تعلق سے مطلع کرنا چاہئے تھا کہ ان کا نام نوفلائی فہرست میں ہے۔ اگر ایسا ہوجاتا تو میں سِرے سے ایرپورٹ ہی نہ آتا۔ بہرحال وہ حکومت کے اس غیرقانونی فیصلہ کو چیلنج کریں گے۔