ناگپور؍ممبئی: مہاراشٹرا کے سابق وزیر جینت پاٹل نے کہا ہیکہ کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی کو ان کی زبان میں جواب دینا چاہیے ۔ پاٹل نے منگل کو اسمبلی میں کہا کہ سرحدی علاقہ میں مراٹھی لوگوں کی نگرانی کی جا رہی ہے اور جان بوجھ کر پریشان کیا جا رہا ہے ۔ پاٹل نے کہاکہ ہمیں ان سے پوچھنا چاہئے اور کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کو ان کی زبان میں جواب دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کرناٹک حکومت مہاراشٹرا کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے تو اسے برداشت نہیں کریں گے ۔ اس دوران انہوں نے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کو نشانہ بنایا۔ایوان میں ایم ایل اے حسن مشرف پر حملے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل سرحدی علاقے میں مراٹھی بھائیوں کا اجتماع تھا جہاں کرناٹک حکومت کی کوشش تھی کہ مہاراشٹرا سے کوئی بھی لیڈر میٹنگ میں شریک نہ ہو۔ پاٹل نے کہا کہ جب سابق وزیر مشرف مراٹھی لوگوں کی حمایت میں وہاں پہنچے تو ان پر لاٹھی چارج کیا گیا جو کہ بہت غلط ہے ۔