سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی چیف منسٹر کے سی آر کو تائید

   

فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ کی ستائش، مخالف بی جے پی محاذ کیلئے تائید میں اضافہ
حیدرآباد۔/15 فروری، ( سیاست نیوز) مرکز کی بی جے پی حکومت کی جانب سے مذہب کی بنیاد پر سیاست کرنے کی کوششوں کے خلاف کے سی آر کی شروع کردہ لڑائی کو سابق وزیر اعظم اور جنتا دل سیکولر کے صدر ایچ ڈی دیوے گوڑا کی تائید حاصل ہوئی ہے۔ دیوے گوڑا نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے فون پر بات چیت کی اور ملک میں فرقہ وارانہ اساس پر سیاست کی مخالفت میں مہم کی مکمل تائید کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے مکمل تائید کا اعلان کرتے ہوئے کے سی آر کو مبارکباد پیش کی۔ ملک میں فرقہ پرست سیاست کے خلاف چیف منسٹر کی جدوجہد کی انہوں نے بھرپور ستائش کی۔ دیوے گوڑا نے کہا کہ ’’ راؤ صاحب آپ اچھی طرح جدوجہد کررہے ہیں، ہر کسی کو فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف جدوجہد کرنی چاہیئے۔ سیکولرازم اور ملک کی تہذیب اور مشترکہ ثقافت کے تحفظ کیلئے ہم آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کی تائید کریں گے۔ آپ جدوجہد جاری رکھیں ہماری مدد آپ کے ساتھ رہے گی۔‘‘ چیف منسٹر کے سی آر نے دیوے گوڑا سے کہا کہ وہ بنگلور کا دورہ کرتے ہوئے اس سلسلہ میں ملاقات کریں گے اور قومی سطح پر فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ کی حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مرکز کی بی جے پی حکومت کے خلاف محاذ آرائی شروع کردی ہے جس کے تحت انہوں نے مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی اور ٹاملناڈو کے چیف منسٹر ایم کے اسٹالن سے بات چیت کی ہے۔ وہ قومی سطح پر محاذ کی تیاری کیلئے دیگر علاقائی جماعتوں کا تعاون حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ توقع ہے کہ بہت جلد کے سی آر ممبئی کا دورہ کریں گے اور چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کریں گے۔ر