کولکاتا : مغربی بنگال میں بائیں محاذ کی 34 سالہ حکمرانی کے دوسرے اور آخری وزیر اعلیٰ بدھا دیب بھٹاچاریہ کاآج صبح انتقال ہوگیا ہے ۔ان کی عمر 80 سال تھی۔ بدھا دیب بھٹا چاریہ سال 2000 سے 2011 تک مسلسل 11 سال تک وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر فائز رہے ۔ بدھا دیب کی موت کی اطلاع ان کے بیٹے سچیتن بھٹاچاریہ نے جمعرات کی صبح دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بدھا دیب نے صبح میںناشتہ بھی کیا تھا۔ اس کے فوراً بعد وہ بیمار ہو گئے ۔ ان کا انتقال صبح 8:20بجے پام ایونیو پر واقع اپنے گھر میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق چہارشنبہ کی رات بدھا دیب کو سانس لینے میں کافی تکلیف ہوئی ۔لیکن رات میں ہی انہیں آرام ہوگیا تھا ۔کیونکہ وہ ہسپتال جانے سے بہت ہچکچا رہے تھے ۔ چنانچہ ڈاکٹروں کے مشورے پر غور کیا گیا لیکن بدھا دیب جمعرات کی صبح سے دوبارہ بیمار ہو گئے ۔ صبح اٹھ کر ناشتے کے بعد چائے پی۔ اس کے بعد وہ دوبارہ بیمار ہوگئے اور انہیں نیبولائزر دینے کی کوشش کی۔ ذرائع کے مطابق اس وقت وہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے ۔ ڈاکٹروں کو جلدی اطلاع دی گئی۔ مگر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرادیدیا۔