کشمیر کی ٹھنڈی انسانی روح کو بھی ہلا کر رکھ دیتی ہے، میری ماں کو ایسی جگہ رکھا جائے جہاں پر سردی کی وجہ سے انہیں کوئی پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے، اگر محبوبہ مفتی کو کچھ ہوگا تو حکومت اس کی ذمہ دار ہوگی ، ان خیالات کا اظہار کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی دختر التجا مفتی نے انتظامیہ کو خط لکھ کر کیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ انہیں کچھ بھی ہو ذمہ داری حکومت ہند کی ہوگی، تین ماہ سے میری ماں نظر بند ہے، میں نے ایک ماہ قبل کمیشنر کو خط لکھا تھا اور آج پھر سے اپنی ماں کے آفیشل اکاونٹ سے ٹویٹ کرکے انتظامیہ کو یاد دہانی کرائی۔
ماں کی صحت کے بارے میں التجانے نہایت ہی تشویش کا اظہار کیا، ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ، آپ جانتے ہیں کہ جموں وکشمیرکی سابق وزیراعلیٰ، میری ماں محبوبہ مفتی پانچ اگست سے حراست میں ہیں۔ ان کی طبعیت ٹھیک نہیں ہے، اس لئے ڈاکٹروں نے حال میں ان کی کئی جانچ کیں، جن میں پتہ چلا کہ ان کے وٹامن ڈی کی سطح، ہیموگلوبن اورکیلشیم کی سطح بہت کم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری ماں اس وقت جس جگہ ہے سردیوں کے لحاظ سے وہ جگہ ٹھیک نہیں ہے انہیں محفوظ مقام پر لے جانا چاہیے، اور انہوں انتظامیہ پر بھروسہ رکھتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ میرے مطالبہ کو قبول کیا جائے گا۔