سابق وزیر این نرسمہلو بی جے پی سے مستعفی

   

بی جے پی کے مزید چار قائدین صدرکانگریس ریونت ریڈی سے رابطہ میں
حیدرآباد : 23 جولائی ( سیاست نیوز) بی جے پی سے قائدین کی وفاداریاں تبدیل کرنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ سابق وزیر این نرسمہلو بی جے پی قیادت پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے آج بی جے پی سے مستعفی ہوگئے اور امکان ہے کہ وہ بہت جلد ٹی آر ایس میں شامل ہوجائیں گے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بی جے پی سے مزید چار قائدین ناراض ہیں اور وہ بھی کانگریس سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں ۔ ان میں سابق وزراء پی جناردھن ، پدی ریڈی کے علاوہ ، چاڈا سریش ریڈی اور سابق وزیر آنجہانی مکیش گوڑ کے فرزند وکرم گوڑ بھی شامل ہیں ۔ چند ماہ قبل تک ریاست میں مختلف جماعتوں کے قائدین بی جے پی کو ٹی آر ایس کے متبادل کے طور پر دیکھ رہے تھے ۔ ریونت ریڈی کے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بننے کے بعد بیشتر سیاسی جماعتوں کے ناراض قائدین یا پارٹی میں اہمیت نہ ملنے سے مایوس ہونے والے قائدین کانگریس سے رابطہ بنائے ہیں جبکہ ریونت ریڈی مختلف جماعتوں کے قائدین سے رابطہ میں ہیں اور پارٹی ہائی کمان سے ان قائدین کی کانگریس میں شمولیت کے بارے میں تبادلہ خیال کررہے ہیں ۔ بی جے پی سے مستعفی ہونے والے سابق وزیر این نرسمہلو نے چیف منسٹر کے سی آر کی ستائش کرتے ہوئے انہیں ڈاکٹر امبیڈکر کا حقیقی وارث قرار دیا اور دلت طبقات کی ترقی فلاح و بہبود کیلئے ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو ناقابل فراموش قرار دیا ۔