سابق وزیر داخلہ مادھو ریڈی کو تلگودیشم کا خراج

   

این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں برسی، ایل رمنا اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد۔/7 مارچ، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی ہیڈکوارٹر این ٹی آر بھون میں سابق وزیر داخلہ اے مادھو ریڈی کی 20 ویں برسی کے موقع پر قائدین نے خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی ایل رمنا، رکن پولیٹ بیورو آرچندر شیکھر ریڈی، نائب صدر آر لکشمن نائیک، جنرل سکریٹری این نرسا ریڈی، پارٹی ترجمان سی کاشی ناتھ اور ریاستی سکریٹری جے اندرا نے آنجہانی مادھو ریڈی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ایل رمنا نے کہا کہ عام غریب کسان خاندان سے تعلق رکھنے والے مادھو ریڈی نے عوامی زندگی میں حصہ لینے کیلئے پہلی مرتبہ سمیتی کے الیکشن میں حصہ لیا تھا۔ این ٹی آر کے نظریات سے متاثر ہوکر وہ تلگودیشم میں شامل ہوئے اور چندرا بابو نائیڈو کے بااعتماد رفیق تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور پارٹی میں مختلف عہدوں پر فائز رہتے ہوئے مادھو ریڈی نے عوام کی غیر معمولی خدمت کی ہے۔ آر چندر شیکھر ریڈی نے مادھو ریڈی کے ساتھ اپنے دیرینہ روابط کا ذکر کیا اور کہا کہ پنچایت راج، ہیلت اور وزارت داخلہ کے وزیر کی حیثیت سے مادھو ریڈی نے نمایاں خدمات انجام دی تھیں۔ مادھو ریڈی کی موت تلگودیشم پارٹی کیلئے عظیم نقصان ہے۔ اس موقع پر مادھو ریڈی کے پورٹریٹ پر پھول نچھاور کئے گئے۔