سینئر قائد کے حق میں کے سی آر کا فیصلہ، سیاسی مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیاں ختم
حیدرآباد۔/6 جون، ( سیاست نیوز) سابق وزیر داخلہ اور ٹی آر ایس کے سینئر قائد این نرسمہا ریڈی کے سیاسی مستقبل کے بارے میں جاری قیاس آرائیوں کا اس وقت خاتمہ ہوگیا جب پارٹی اعلیٰ کمان نے نرسمہا ریڈی کو کونسل کی ایک اور میعاد کیلئے منتخب کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نرسمہا ریڈی کو کونسل کی دوسری میعاد کو منظوری دے دی ہے۔ نرسمہا ریڈی کی موجودہ میعاد 19 جون کو ختم ہورہی ہے۔ ٹی آر ایس حکومت نے پہلے وزیر داخلہ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے نرسمہا ریڈی کو دوسری مرتبہ اقتدار ملنے کے بعد وزارت میں شامل نہیں کیا گیا۔ 2018 اسمبلی انتخابات میں انہوں نے مشیرآباد اسمبلی حلقہ سے اپنے داماد سرینواس ریڈی کو پارٹی ٹکٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے چندر شیکھر راؤ پر دباؤ بنایا تھا لیکن لمحہ آخر میں ایم گوپال کو ٹکٹ دیا گیا جس سے نرسمہا ریڈی ناراض تھے۔ حال ہی میں راجیہ سبھا کی نشست کیلئے بھی نرسمہا ریڈی کا نام پارٹی حلقوں میں زیر گشت تھا لیکن کیشو راؤ کو دوسری میعاد کیلئے راجیہ سبھا روانہ کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق نرسمہا ریڈی نے راجیہ سبھا نہ ملنے کی صورت میں کونسل کی دوسری میعاد پر اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ نرسمہا ریڈی نے حالیہ عرصہ میں حکومت اور وزراء کے خلاف بیانات دیئے تھے تاہم پارٹی میں ان کی سینیاریٹی کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر انہیں دوبارہ موقع دینے کے حق میں ہیں۔
2001 میں ٹی آر ایس کے قیام کے بعد سے نرسمہا ریڈی تلنگانہ تحریک سے وابستہ ہیں اور ان کا شمار ٹی آر ایس کے بانیوں میں ہوتا ہے۔