نظام آباد۔ 21 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق وزیر رکن اسمبلی بالکنڈہ کے رکن پرشانت ریڈی نے اپنے آبائی گاؤں ویلپور میں اہل خانہ کے ساتھ دسہرہ کی تقریبات میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے پوجا میں حصہ لیتے ہوئے عوام کی خوشحالی، صحت و سلامتی اور مسرت و شادمانی کے لیے دعا کی۔ بعد ازاں انہوں نے گاؤں کے عوام سے گرمجوشی کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے دسہرہ کی مبارکباد پیش کی۔ بھیمگل سے تعلق رکھنے والے مسلم برادری تعلق رکھنے والے افرادبھی ان سے ملاقات کرتے ہوئے تہوار کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر پرشانت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی تہذیب و ثقافت گنگا جمنی تہذیب کی عکاس ہے، جہاں تمام مذاہب اور طبقات کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر تمام تہوار مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی محبت، بھائی چارہ اور اتحاد تلنگانہ سماج کی نمایاں خصوصیات ہیں۔ دسہرہ کے دوسرے روز ویلپور میں واقع ان کی رہائش گاہ پر منعقدہ ’الائے بلائے‘ پروگرام بھی جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں ضلع اور حلقہ اسمبلی بالکنڈہ کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں قائدین، عوامی نمائندوں، پارٹی کارکنوں اور ان کے قریبی افراد نے شرکت کی۔ ویمولا پرشانت ریڈی نے تمام شرکاء سے گرمجوشی کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے انہیں دسہرہ کی مبارکباد پیش کی اور قائدین و کارکنوں کے ساتھ مل کر کھانے میں شرکت کرتے ہوئے تہوار کی خوشیاں بانٹیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اپنے آبائی گاؤں میں اہل خانہ، عوام، قائدین اور کارکنوں کے درمیان محبت و خلوص کے ماحول میں تہوار منانا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔