سابق وزیر چندر شیکھر بی جے پی سے مستعفی،18 اگسٹ کو کانگریس میں شمولیت

   

صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے ملاقات، تلنگانہ میں بی جے پی کو زبردست جھٹکہ
حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی جے پی کو اس وقت دھکہ لگا جب سینئر لیڈر اور وقارآباد سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر اے چندر شیکھر نے پارٹی سے استعفی دے دیا۔ انہوں نے اپنا مکتوب استعفی صدر بی جے پی کشن ریڈی کو روانہ کردیا۔ استعفی کے فوری بعد چندر شیکھر نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پانچ مرتبہ رکن اسمبلی رہنے والے چندر شیکھر گذشتہ چند ماہ سے بی جے پی کی سرگرمیوں سے دور تھے۔ انہوں نے ورنگل میں نریندر مودی کے جلسہ میں شرکت کیلئے پاس جاری نہ کرنے پر سخت ناراضگی جتائی تھی۔ چندر شیکھر 1985 میں پہلی مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور اسی حلقہ سے پانچ مرتبہ نمائندگی کرچکے ہیں۔ 2019 لوک سبھا چناؤ میں پدا پلی حلقہ سے کانگریس امیدوار کے طور پر مقابلہ کیا تھا تاہم شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ 2018 میں انہیں آزاد امیدوار کے طور پر وقارآباد اسمبلی حلقہ سے شکست ہوئی تھی۔ اسی دوران ریونت ریڈی سے ملاقات کے بعد چندر شیکھر نے کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ تحریک میں چندر شیکھر کا اہم رول ہے۔ کے سی آر حکومت کو شکست دینے کے مقصد سے سابق وزیر کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔ ریونت ریڈی کے مطابق 18 اگسٹ کو صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کی قیادت میں جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں چندر شیکھر کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ اس جلسہ عام میں غریبوں کیلئے کانگریس کا ڈیکلریشن جاری کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے دلتوں اور قبائیل سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پر عوام کو اعتماد نہیں لہذا اے چندر شیکھر نے کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔
ایرپورٹ پر دو مسافرین سے ایک کیلو سونا ضبط
حیدرآباد13اگست (یو این آئی) خشک میوہ جات کے پیکٹس میں چھپاکرلائے گئے سونے کوشمس آباد ایرپورٹ پر ضبط کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق 2 مسافر جن کی شناخت شیخ جانی باشاہ اور شیخ خواجہ رحمت اللہ کے طورپر کی گئی ،ریاض سے براہ مسقط حیدرآباد پہنچے ۔دونوں کسٹم کے امور کی تکمیل کے بعد سٹی ایریا میں تھے ۔ان کے سامان کی تلاشی کے دوران مشین نے مشتبہ شئے کا پتہ چلایا۔ جانچ کے دوران ایک کلوسونے کا پتہ چلا جس کی مالیت 60,00000 روپئے ہے ۔اطلاع پر عہدیدار وہاں پہنچے جنہوں نے ان کو تحویل میں لے لیا۔