میڈیا پر بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام عائد
حیدرآباد :۔ عوامی برہمی مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کی تنقید کے بعد ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی اپنے بیان سے منحرف ہوگئے اور میڈیا پر ان کے ریمارکس کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام عائد کیا ۔ واضح رہے کہ کل ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ڈاکٹر لکشما ریڈی نے ضلع محبوب نگر جڑچرلہ میں شادی مبارک اور کلیان لکشمی چیکس کی تقسیم کے دوران متنازعہ اور سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کی یادداشت کمزور ہوتی ہے ۔ حکومت کے اتنے فلاحی اسکیمات کے باوجود عوام انہیں یاد نہیں رکھ رہے ہیں ۔ ان تمام اسکیمات کو منسوخ کردیا جائے اور انتخابات سے ایک سال قبل انہیں دوبارہ بحال کرنے کے ساتھ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی دینے کے بجائے 3 تا 4 گھنٹے مفت برقی کی سربراہی کو کافی قرار دیا تھا ۔ جس پر میڈیا اور سوشیل میڈیا میں عوام اور سیاسی جماعتوں کے قائدین نے برہمی کا اظہار کیا ۔ جس کے بعد آج ڈاکٹر لکشما ریڈی نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو میڈیا نے توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تو صرف اتنا کہنا چاہتے تھے کہ کام کرنے والی حکومت کو عوام یاد رکھیں ۔ لیکن میڈیا نے اس کا غلط مطلب نکالتے ہوئے عوام میں غیر مناسب پیغام پہونچادیا ۔۔
