سابق وزیر ڈاکٹر چندر شیکھر کانگریس سے مستعفی

   

سونیا گاندھی کو مکتوب روانہ ، 18 جنوری کو بی جے پی میں شمولیت متوقع
حیدرآباد : کانگریس قائد سابق وزیر ڈاکٹر اے چندر شیکھر پارٹی سے مستعفی ہوگئے۔ انہوں نے عہدوں اور پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے مستعفی ہوجانے کا اعلان کیا اور بتایا کہ وہ اپنے اس فیصلے سے پارٹی صدر سونیا گاندھی اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اُتم کمار ریڈی کو مکتوب استعفیٰ روانہ کرتے ہوئے واقف کراچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں خاموش خدمت گزاروں کی کوئی شناخت نہیں ہے اور نہ ہی انہیں اہمیت دی جارہی ہے۔ پیٹھ میں خنجر گھوپنے والوں کو اہم عہدے سونپے جارہے ہیں۔ وہ پابند ڈسپلین قائد ہے جو غیرڈسپلین پارٹی میں رہنا نہیں چاہتے، اس لئے کانگریس سے مستعفی ہورہے ہیں اور 18 جنوری کو بی جے پی میں شمولیت اختیار کریں گے۔ 1985ء تا 2008ء وہ اسمبلی حلقہ وقارآباد سے پانچ مرتبہ منتخب ہوچکے ہیں جس میں وہ چار مرتبہ تلگو دیشم کے ٹکٹ پر اور ایک مرتبہ ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے۔ بعدازاں وہ ٹی آر ایس سے مستعفی ہوکر کانگریس میں شامل ہوگئے اور حالیہ پارلیمانی انتخابات میں انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر حلقہ لوک سبھا پداپلی سے مقابلہ کیا تھا تاہم انہیں شکست ہوئی ۔