حیدرآباد۔/30 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے لیڈر و سابق وزیر کرشنا یادو بی جے پی میں شمولیت کی تیاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سات برسوں تک انہوں نے پارٹی کیلئے کام کیا لیکن چیف منسٹر کے سی آر نے انہیں کوئی شناخت نہیں دی۔ کرشنا یادو نے آج اپنے حامیوں اور بی آر ایس کارکنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے آئندہ کی حکمت عملی پر رائے حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو تین دن میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ کرشنا یادو نے کہاکہ چیف منسٹر اور میں نے ایک ہی وزارت میں ساتھ میں کام کیا تھا۔ مجھے تلنگانہ کے مسائل پر عبور حاصل ہے۔ ٹکٹ کیلئے دو مرتبہ مجھے دھوکہ دیا گیا۔ بی آر ایس نے میری خدمات کو فراموش کردیا ہے۔ میں سابق میں بھی عوام کے درمیان تھا اور آئندہ بھی عوام کے درمیان رہوں گا۔ بی جے پی ہائی کمان کی ہدایت پر عمل کروں گا۔