حیدرآباد:سابق وزیر کے رویندر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے تلگودیشم کے قومی صدر و اے پی کے سابق وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے اس کو وائی ایس آرکانگریس کی مخاصمت کی سیاست قرار دیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے جان بوجھ کر تلگودیشم کے سابق وزیر کے رویندر کو وائی ایس آرکانگریس لیڈر بھاسکر راو کے قتل کے معاملہ میں ماخوذ کیا۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں اس طرح کے مظالم ایمرجنسی میں بھی نہیں دیکھے گئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح اپوزیشن لیڈروں کے خلاف اتنے بڑے پیمانہ پر جھوٹے معاملات درج نہیں کئے گئے تھے اور نہ ہی اتنے بڑے پیمانہ پر ان کو نشانہ بنایاگیا تھا۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک غیر معمولی معاملہ ہے کیونکہ کئی اپوزیشن لیڈروں کو جیل میں ڈالاجارہا ہے۔