سابق چیف جسٹس گلزاراحمد پاکستان کے نگران وزیراعظم نامزد

   

اسلام آباد : پاکستان کے سبکدوش وزیراعظم عمران خان نے عدالت عظمیٰ کے سابق چیف جسٹس گلزاراحمد کو نگران وزیر اعظم کے عہدہ کیلئے نامزد کیا ہے۔سبکدوش وزیراطلاعات فواد چودھری نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہیکہ عمران خان نے سابق چیف جسٹس کو نامزد کرنے کا فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کی منظوری کے بعد کیا ہے۔ سبکدوش وزیراعظم کی جانب سے صدرکو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ’’میں پاکستان کے سابق چیف جسٹس جسٹس ریٹائرڈ جسٹس گلزاراحمد کے نام کی تجویز پیش کرتا ہوں۔انھیں نگران وزیراعظم مقررکرنے پرغور کیا جائے‘‘۔ان کی نامزدگی صدرڈاکٹرعارف علوی کی جانب سے وزیراعظم اور تحلیل شدہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو لکھے گئے خط کے بعد کی گئی ہے۔اس خط میں آئین کے آرٹیکل 224-اے(1) کے تحت قائدایوان اور قائدحزب اختلاف کو نگران وزیراعظم کے طور پر تقرر کیلئے مناسب افراد کے نام تجویز کرنے کا کہا گیا تھا۔