سابق چیف سکریٹری ٹاملناڈو جنا سینا پارٹی میں شامل

   

حیدرآباد 12 فبروری ( پی ٹی آئی ) سبکدوش آئی اے ایس عہدیدار و سابق چیف سکریٹری ٹاملناڈو پی راما موہن راو نے پون کلیان کی جنا سینا پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ رام موہن راو نے کل وجئے واڑہ میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور انہیں پون کلیان کا سیاسی مشیر بنایا گیا ہے ۔ پون کلیان نے پارٹی میں ان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ راو نے جئے للیتا کے دواخانہ میں رہنے کے دوران کسی رکاوٹ کے بغیر آل انڈیا انا ڈی ایم کے کی حکومت کو بآسانی چلایا تھا ۔ اس موقع پر رام موہن راو نے کہا کہ انہیں جنا سینا میں شمولیت اختیار کرکے خوشی ہو رہی ہے اور وہ پون کلیان کے سیاسی مشیر ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی جانب سے پارٹی کیلئے زیادہ نمایاں اور موثر خدمات انجام دینگے ۔