سابق چیف منسٹر اجیت جوگی کا انتقال

   

رائے پور ۔ /29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آئی اے ایس آفیسرس سے سیاستداں بننے والے اجیت جوگی جو 2000 ء میں چھتیس گڑھ کے پہلے چیف منسٹر بنے تھے ، جمعہ کو سٹی ہاسپٹل میں ان کا انتقال ہوگیا جہاں وہ 20 دنوں سے زیرعلاج تھے ۔ 74 سالہ جوگی غشی کی حالت میں تھے اور دوپہر میں قلب پر حملہ کے بعد جانبر نہ ہوسکے ۔ پسماندگان میں ان کی اہلیہ رینو جوگی (رکن اسمبلی) ، بیٹا امیت سابق ایم ایل اے شامل ہیں ۔ چیف منسٹر چھتیس گڑھ بھوپیش بگھیل نے آنجہانی لیڈر کے احترام میں ریاست میں سہ روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ۔ آخری رسومات ہفتہ کو اجیت جوگی کے آبائی مقام گوریلا میں انجام دی جائیں گی ۔ وزیراعظم نریندر مودی ، نائب صدر وینکیا نائیڈو کی قیادت میں ملک کے طول و عرض سے پارٹی خطوط سے بالاتر ہوکر سیاسی قائدین نے آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہیں یاد کرنے والوں میں کانگریس لیڈر راہول گاندھی ، سابق چیف منسٹر مدھیہ پردیش ڈگ وجئے سنگھ کے ساتھ کئی بی جے پی قائدین اور مختلف ریاستوں کے گورنرس اور وزرائے اعلیٰ شامل ہیں ۔