سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا منوہر جوشی کا دیہانت

   

Ferty9 Clinic

ممبئی : مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر منوہر جوشی کا آج ابتدائی ساعتوں میں دیہانت ہوگیا ۔ وہ 86 برس کے تھے ۔ منوہر جوشی شیوسینا کے اولین لیڈر رہے جو کارپوریٹر سے اپنا سیاسی سفر طئے کرتے ہوئے مہاراشٹرا کی وزارت اعلیٰ تک پہنچے ۔ اتنا ہی نہیں بلکہ وہ بعد میں لوک سبھا کے اسپیکر بھی بنے ۔ جوشی کو ماہیم کے ہندوجا ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا تھا ۔ ان کے ارکان خاندان نے کہا کہ وہ صحت کے دیرینہ مسائل کے بعد انتقال کرگئے ۔ جوشی کی ارتھی کو ماٹونگا روڈ پر ان کی قیامگاہ پر آخری دیدار کیلئے رکھا گیا جہاں متعدد قائدین اور ان کے حامیوں نے پہنچ کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ ایکناتھ شنڈے زیرقیادت ریاستی حکومت نے کہا کہ جوشی کی آخری رسومات سرکاری اعزازات کے ساتھ انجام دی جائیں گی ۔