ریونت ریڈی اور اتم کمار ریڈی نے خراج پیش کیا
حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے سابق ڈپٹی میئر اور سینئر کانگریس قائد راجکمار کا قلب پر حملہ سے اچانک دیہانت ہوگیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، نائب صدر جی نرنجن، سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی اور دیگر قائدین نے راجکمار کے دیہانت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ راجکمار نے ڈپٹی میئر کی حیثیت سے عوامی مسائل کی یکسوئی میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راجکمار کا دیہانت پارٹی کیلئے بھاری نقصان ہے۔ اتم کمار ریڈی نے راجکمار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کئی دہوں تک حیدرآباد میں کانگریس کے استحکام میں راجکمار کی نمایاں خدمات رہیں۔ پارلیمنٹ اجلاس کے سبب وہ آخری رسومات میں شرکت نہ کرسکے۔ ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو اور جنرل سکریٹری انڈین یوتھ کانگریس انیل کمار یادو نے راجکمار کی قیامگاہ پہنچ کر پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن نے کہا کہ گزشتہ تین دہوں سے وہ راجکمار سے قریبی روابط رکھتے تھے۔ راجکمار ایک سنجیدہ اور دیانتدار کانگریس قائد تھے جنہوں نے آخری سانس تک پارٹی کی خدمت کی۔ گریٹر حیدرآباد میں ان کے دیہانت سے پارٹی ایک اہم قائد سے محروم ہوچکی ہے۔