سابق ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین کی مبینہ ہراسانی ‘ بورا بنڈہ میں نوجوان کی خود کشی

   

مکان کی تعمیر کیلئے رقم کا مطالبہ کرنے کے الزامات ۔ مقامی عوام اور رشتہ داروں کا پولیس اسٹیشن پر احتجاج

حیدرآباد : /29 مئی (سیاست نیوز) سابقہ ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین کی مبینہ ہراسانی کا شکار ایک نوجوان نے خودکشی کرلی ۔ 35 سالہ محمد سردار کے انتہائی اقدام کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ سردار کے رشتہ دار وں و عوام نے جمع ہوکر پولیس اسٹیشن پر احتجاج کیا ۔ احتجاج سے علاقہ میں سنسنی پیدا ہوگئی ۔ مقامی عوام اور رشتہ داروں نے سردار کی موت کا بابا فصیح الدین کو ذمہ دار قرار دیا اور پولیس سے سابقہ ڈپٹی میئر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے تھے ۔ احتجاج کے سبب علاقہ میں پولیس نے چوکسی بڑھادی تھی ۔ سردار کی موت کے بعد مقامی عوام میں بابا فصیح الدین کے خلاف شدید غصہ اور برہمی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سردار نے کل عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ سردار کے رشتہ داروں کا الزام کہ وہ بابا فصیح الدین کی جانب سے جاری ہراسانی کا شکار تھا ۔ سردار نے اپنے مکان کی تعمیر شروع کی تھی ۔ مکان کی تعمیر میں بابا فصیح الدین پر رکاوٹ پیدا کرنے اور مرحوم سے رقم کا مطالبہ کرنے کے الزامات ہیں ۔ سردار نے جب رقم دینے سے انکار کردیا تو بابا نے ہراسانی میں شدت پیدا کردی ۔ بابا فصیح الدین پر سنگین الزامات ہیں کہ اس نے رقم نہ دینے پر بلدیہ کے ذریعہ سردار کے مکان کو نقصان پہنچایا ۔ مکان کی چھت اور دیواروں کو نشانہ بنایا ۔ بلدیہ کی اس کارروائی کے بعد سردار شدید ذہنی تناؤ کا شکار ہوگیا ۔ مالی نقصان اور رسوائی اور ہراسانی اور بابا فصیح الدین کی مبینہ دھمکیوں سے سردار دلبرداشتہ ہوگیا جس نے کل رات عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ مقامی عوام نے سابقہ ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین پر الزام لگایا کہ فصیح الدین ہراسانی کا دوسرا نام ہے ۔ ذرائع کے مطابق سردار کو بابا فصیح الدین نے مکان کو زمین دوز کروانے کی دھمکی دی تھی ۔ بورا بنڈہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع