سابق ڈی جی پی محمد مصطفی و اہلیہ کیخلاف بیٹے کی موت پر ایف آئی آر

   

چنڈی گڑھ۔ 21 اکتوبر (یو این آئی) پنجاب کے سابق ڈائرکٹر جنرل آف پولیس محمد مصطفی، ان کی اہلیہ اور کانگریس کی سابق وزیر رضیہ سلطانہ، بیٹی اور بہو کے خلاف بیٹے عقیل مصطفی کی موت کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔سابق ڈی جی پی، ان کی اہلیہ، بیٹی اور بہو کے خلاف پنچکولہ کے مانسا دیوی کمپلیکس تھانے میں تعزیرات ہند کی دفعہ 103(1) اور 61 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ 35 سالہ عقیل، جو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں بطور وکیل پریکٹس کرتے تھے ، کی 16 اکتوبر کی رات پنچکولہ میں واقع گھر میں موت ہو گئی تھی۔ اہل خانہ نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا کہ موت ادویات کی زیادتی کی وجہ سے ہوئی، لیکن بعد میں 27 اگست کا ایک پرانا ویڈیو منظر عام پر آیا، جس میں عقیل نے اپنے والد پر اس کی اہلیہ کے ساتھ ناجائز تعلقات کا سنگین الزام عائد کیا تھا۔ اس نے یہ بھی کہاتھا کہ پورا خاندان اسے قتل کرنے یا جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی سازش کر رہا ہے ۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد عقیل کے جاننے والے شمس الدین نے پنچکولہ پولیس کمشنر کو شکایت بھیج کر مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔