سابق کانگریس ایم ایل ایز الپیش ٹھاکر و ساتھی بی جے پی میں شامل

   

گاندھی نگر 18 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق کانگریس ارکان اسمبلی الپیش ٹھاکر اور دھول سنہہ زالا نے آج گجرات میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ ٹھاکر اور زالا نے پارٹی ہیڈ کوارٹرس میں منعقدہ ایک تقریب میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ۔ اس موقع پر گجرات بی جے پی کے صدر جیتو واگھانی بھی موجود تھے ۔ ٹھاکر اور زالا نے 5 جولائی کو رکن اسمبلی کی حیثیت سے استعفی دیدیا تھا ۔ اس وقت انہوں نے راجیہ سبھا انتخابات میں کانگریس امیدوار کے خلاف ووٹ دیا تھا اور پھر خود ہی اسمبلی کی رنیت سے مستعفی ہوگئے تھے ۔ 43 سالہ الپیش ٹھاکر رادھن پور ( پٹن ضلع ) کے سابق رکن اسمبلی ہیں اور پہلے انہوں نے کہا تھا کہ وہ کانگریس سے خوش نہیں ہیں۔ الپیش ٹھاکر 2017 میں اسمبلی انتخابات سے کچھ ہی دن قبل کانگریس میں شامل ہوئے تھے ۔ زالا بھی ٹھاکر کے قریبی ساتھی ہیں اور وہ سابر کنٹھا ضلع میں بایاڈ سے رکن اسمبلی تھے ۔ وہ بھی کانگریس میں مطمئن نہیں تھے ۔