ویویک وینکٹ سوامی سے رابطے کی توثیق ۔ دیگر قائدین بھی کانگریس سے رابطے میں
حیدرآباد۔یکم۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس اپنے سابق قائدین کی گھر واپسی کی کوششوں کو تیز کرچکی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ جلدہی تلنگانہ کانگریس قائدین سابق رکن پارلیمنٹ پدا پلی مسٹر ویویک وینکٹ سوامی سے رابطہ کرکے انہیں پارٹی میں واپس ہونے کی دعوت دیں گے۔گذشتہ یوم ریاستی وزیر کے ٹی آر نے پی سرینواس ریڈی و جوپلی کرشنا راؤ کی کانگریس میں شمولیت پر کہا تھا کہ بی آر ایس سے ٹکٹ نہ دینے کے فیصلہ پر دونوں قائدین نے کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا اور جو بی آر ایس قائدین کانگریس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ان میں بیشتر کو بی آر ایس نے برطرف کردیا تھا ۔ کے ٹی راما راؤ کے اس ریمارک پر صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے سخت جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ چیف منسٹر سی آر نے بھی تلگو دیشم سے اسی لئے دوری اختیار کی تھی کیونکہ صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو نے نہیں کوئی اہم عہدہ نہیں دیا تھا۔ ریونت ریڈی نے کے ٹی آر کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے والد سے استفسار کریں کہ آخر انہوں نے تلگو دیشم کیوں چھوڑی تھی! صدر پردیش کانگریس نے بتایا کہ تلنگانہ کانگریس میں ان تمام قائدین کا خیر مقدم کرنے تیار ہے جو بی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے جدوجہد کیلئے آمادہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس ٹکٹ پر منتخب ہوکر بی آر ایس میں شامل قائدین کی واپسی کے سلسلہ میں پارٹی اعلیٰ کمان فیصلہ کرے گی جبکہ وہ قائدین جومختلف وجوہات کی بناء پر عہدہ پر نہ ہوتے ہوئے دیگر پارٹیوں میں شامل ہوئے انہیں واپس لانے وہ کوشش کر رہے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں بی جے پی کے کمزور ہونے کے سبب بی جے پی کے قائدین کے علاوہ کئی بی آر ایس قائدین کانگریس قائدین سے رابطہ میں ہیں اور واپس کانگریس میں شمولیت کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ رکن عاملہ بی جے پی ویویک وینکٹ سوامی کو دوبارہ کانگریس میں شامل کروانے کی کوششوں پر کانگریس قائدین نے توثیق کی ۔م