لاہور ۔6جون( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر توفیق عمر نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔ ان کا کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ توفیق عمر کا کہنا ہے کہ وہ اللّٰہ کا شکر بجا لاتے ہیں۔بائیں ہاتھ کے سابق ٹیسٹ اوپننگ بیٹسمین توفیق عمر کا رمضان کی عید سے قبل کوویڈ 19 ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد توفیق عمر نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا تھا اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا۔توفیق عمر قومی جونئیر سلیکشن کمیٹی کے بھی رکن ہیں۔توفیق عمر نے کہا ہے کہ 15 روز کی آئسولیشن کے بعد انہوں نے کوویڈ 19 ٹیسٹ کرایا ہے جو کہ منفی آیا ہے، وہ اللّٰہ کا شکر بجا لاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت ضرور آیا تھا لیکن علامات زیادہ شدید نہیں تھیں، لیکن اس کے باوجود انہوںنے بہت احتیاط کی۔ اب یہی وجہ ہے کہ میں کورونا وائرس سے چھٹکارا پانے میں کامیاب ہو گیا۔ توفیق عمر نے کہا کہ اس وقت سب کو حکومت کے بتائے ہوئے ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے تاکہ اس وائرس کو شکست دے سکیں۔