سابق کرکٹر مارٹن دواخانے میں شریک،علاج پر یومیہ 70 ہزار کا خرچ

   

نئی دہلی ۔21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کے سابق کرکٹر جیکب مارٹن کی حالت انتہائی نازک ہے اور وہ وڈودرہ کے ایک اسپتال میں داخل ہیں۔ مارٹن کے علاج میں ہرروز 70 ہزار روپے خرچ ہورہے ہیں اور اب اہل خانہ کو ان کے علاج کیلئے پیسوں کی سخت ضرورت ہے۔ 46 سالہ مارٹن ہندوستان کیلئے 10 ونڈے کھیل چکے ہیں۔ 28 دسمبر کو اسکوٹر سے سفر کے دوران وہ حادثہ کا شکار ہوگئے تھے ، جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ حادثہ میں ان کے جگر اور پھیپھڑوں میں چوٹ لگی تھی اور تبھی سے وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔ مارٹن کی اہلیہ نے حال ہی میں بی سی سی آئی سے مدد کی فریاد کی ہے تاکہ ان کے علاج کا خرچ کم کیا جاسکے۔ ان کے افراد خاندان پانچ لاکھ روپے خرچ کرچکے ہیں اور اس کے بعد بی سی سی آئی نے بینیوولینٹ اسکیم کے تحت پانچ لاکھ روپے مزید دئے۔ سابق بی سی سی آئی کھلاڑی اور وڈودرا کرکٹ اسوسی ایشن کے سکریٹری سنجے پٹیل نے کہا کہ جیسے ہی مجھے حادثہ کی بابت معلوم ہوا، میں نے جیکب کے اہل خانہ کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کی ، میں نے کچھ لوگوں سے بات چیت کی ، جن میں بڑودہ کے مہاراج سمرجیت سنگھ گائیکواڑ نے ایک لاکھ روپے عطیہ کئے۔ اس کے علاوہ پانچ لاکھ روپے اضافی اکٹھا کئے گئے۔