نئی دہلی 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق انٹرنیشنل کرکٹر گوتم گمبھیر نے آج بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی اور توقع ہے کہ اُنھیں دارالحکومت دہلی میں کسی ایک حلقہ سے لوک سبھا انتخابات میں امیدوار بنایا جائے گا۔ 37 سالہ سابق کھلاڑی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر مرکزی وزیر ارون جیٹلی اور روی شنکر پرساد بھی موجود تھے۔ سابق اوپننگ بیاٹسمین نے 2011 ء میں ورلڈکپ میں ہندوستان کیلئے اہم رول ادا کیا تھا۔ 2007 ء کے ٹی 20 ورلڈکپ میں بھی اُنھوں نے شاندار مظاہرہ کیا تھا۔ انھیں حال ہی میں پدم شری ایوارڈ بھی دیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کے ویژن سے بیحد متاثر ہوئے ہیں۔