سابق گورنر ستیہ پال ملک کا دیہانت

   

نئی دہلی۔ 5 اگسٹ ۔ ( ایجنسیز ) سابق گورنر اور معروف سوشلسٹ رہنما ستیہ پال ملک کا آج دیہانت ہو گیا۔ وہ طویل عرصے سے دہلی کے رام منوہر لوہیا اسپتال میں زیر علاج تھے اور آج وہیں انہوں نے آخری سانس لی۔ ان کی عمر 77 برس تھی۔ستیہ پال ملک نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز طلبہ سیاست سے کیا، اور 1974 میں باغپت سے چودھری چرن سنگھ کی بھارتیہ کرانتی دل کے امیدوار کے طور پر اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ بعد ازاں وہ رکن پارلیمان بھی منتخب ہوئے اور پھر مختلف ریاستوں میں گورنر کے طور پر خدمات انجام دیں۔2017 سے 2022 کے درمیان، وہ بہار، جموں و کشمیر، گوا، میگھالیہ اور ایک اور ریاست میں گورنر رہے۔ خاص طور پر جموں و کشمیر میں ان کا دور انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے، کیونکہ انہی کے دور میں آرٹیکل 370 کا خاتمہ عمل میں آیا اور ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کیا گیا۔ تاہم، یہ فیصلے انہیں کئی تنازعات میں بھی لے آئے۔ستیہ پال ملک خود کو چودھری چرن سنگھ کا شاگرد کہتے تھے اور ہمیشہ کسانوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہے۔ انہوں نے کسان تحریک کے دوران کھل کر حکومت پر تنقید کی اور متنازعہ زرعی قوانین کی مخالفت کی۔ وہ ملک بھر میں کسانوں کی حمایت میں دورے بھی کرتے رہے۔ان کے انتقال کی اطلاع ان کے پرانے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے دی گئی، جس پر آخری بار 9 جولائی کو ان کے پرسنل اسسٹنٹ نے ان کی حالت کو تشویشناک قرار دیا تھا۔حال ہی میں ان پر ایک ہائیڈرو پاور پروجیکٹ میں بدعنوانی کا الزام لگا، جس پر سی بی آئی نے چارج شیٹ دائر کی۔ ستیہ پال ملک نے اسپتال سے ہی اس پر سخت اعتراض کیا اور کہا:”یہ کیسا انصاف ہے؟ کرپشن کا پردہ فاش کرنے والے کے خلاف ہی تحقیقات شروع ہو گئیں!’’لوک سبھا انتخابات 2024 میں بھی انہوں نے کھل کر حکومت کی مخالفت کی اور اپوزیشن کی حمایت میں ووٹ دینے کی اپیل کی تھی۔ستیہ پال ملک کا سیاسی سفر اور ان کا بے باک انداز انہیں ہندوستانی سیاست کا ایک یادگار کردار بناتا ہے۔ ان کی موت سے ملک نے جمہوریت کی آواز اور اصولوں کے علمبردار کو کھو دیا ہے۔

ستیہ پال ملک کے انتقال پر وزیراعظم کا اظہارتعزیت
نئی دہلی،5 اگست (یواین آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شری ستیہ پال ملک جی کے انتقال سے بہت دکھ ہوا ۔ میں دکھ کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور حامیوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں ۔

ستیہ پال ملک کے دیہانت سے باغپت کی فضا مغموم
باغپت: 5 اگست(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع باغپت میں پیدا ہونے والے سابق گورنر ستیہ پال ملک کا آج طویل علالت کے بعد دہلی میں دیہانت ہوگیا۔ ان کے دیہانت کی اطلاع ملتے ہی ان کے آبائی گاؤں ہساودا سمیت پورے ضلع میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ان کی طبیعت گذشتہ 11 مئی سے شدید طور سے خراب تھی۔ انفکشن کی وجہ ان کو دہلی کے رام منوہر لوہیا اسپتال میں داخل کرایا گیاتھا۔ منگل کی دوپہر تقریبا 1:30 بجے انہوں نے آخری سانس لی۔