کولکتہ ۔ ہندستان کے سابق فٹ بالر اور مشہور فٹ بال کلب موہن بگان کے سابق کپتان لایشرم منیتومبی سنگھ منی پور میں انتقال کر گئے ۔ ان کی عمر 39 سال تھی۔ موہن بگان نے اتوار کے روز اس بارے میں جانکاری دی۔وہ کافی دن سے علیل تھے اور ہفتہ کے روز آخری سانس لی۔ موہن بگان نے کہا کہ کلب کو اپنے سابق کپتان منیتومبی کے انتقال سے شدید غم ہے ۔ ہماری تعزیت سوگوار خاندان کے ساتھ ہے ۔ ان کی آتما کو شانتی ملے ۔ منی پور میں 10 جون 1981 کو پیدا ہوئے منیتومبی 2003-05 تک موہن بگان کے لئے کھیلتے رہے اور 2004 میں گولڈ کپ جیتا۔ اس کے بعد وہ ائیر انڈیا اور سلگاوکر ایف سی کے لئے بھی کھیلے ۔منیتومبی نے 2002 میں بوسان ایشین گیمز میں ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کی۔ وہ ہندوستانی انڈر 23 ٹیم کا رکن بھی رہے ۔ وہ 2002 میں ایل جی کپ جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے ۔