سابق ہندوستانی کرکٹر وی بی چندر شیکھر نے خودکشی کرلی۔

,

   

چینائی: سابق ہندوستانی کرکٹر وی بی چندرشیکھر نے اپنے مکان واقع مائیلاپور میں جمعرات کی رات خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی۔ پولیس نے بتایا کہ چندر شیکھر کی نعش اپنے کمرہ میں پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔ تحقیقاتی ٹیم آفیسر انسپکٹر سنتی مروگن نے بتایا کہ 57سالہ وی بی چندر شیکھر نے کوئی خودکش نوٹ نہیں چھوڑا ہے۔ متوفی کی اہلیہ سومیا نے پولیس کو بتایا کہ جب اس نے کمرہ کا دروازہ کھٹکھٹایا تو اندر سے کوئی جواب نہیں آیا۔

پھر انہوں نے کمرہ کی کھڑکی سے اندر دیکھا تو چندر شیکھر کی نعش لٹکی ہوئی تھی۔“ پولیس انسپکٹر مروگن نے مزید کہا کہ چندر شیکھر کی بیوی سومیا نے ہمیں مزید بتایا کہ چندر شیکھر نے اپنے افراد خاندان کے ساتھ شام تقریبا 6بجے چائے پی۔ پولیس عہدیدا ر نے بتایا کہ چندر شیکھر کرکٹ میں ہارنے کے سبب کافی تناؤ کا شکار تھا۔ وی بی چندرشیکھر ٹامل ناڈو پریمیئر لیگ ٹیم کا صدر تھا۔ اس کے ساتھ وہ کرکٹ کوچنگ سنٹر بھی چلایا کرتا تھا۔نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا ہے۔ انڈین کرکٹ بورڈ نے بھی ان کے موت کی تصدیق کردی ہے۔ بورڈ ان کے افراد خاندان کے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔ بی سی سی آئی نے یہ اطلاع ٹوئٹر پر دی ہے۔

ان کی موت کی اطلاع عام ہوتے ہی کرکٹ اور دیگر افراد کی جانب سے اظہار تعزیت کے پیامات کاسلسلہ جاری ہوگیا ہے۔ سابق انڈین کھلاڑی اور ٹامل ناڈو کپتان ایس بدری ناتھ نے بتایا کہ ”میں چندر شیکھر سے کچھ ہی دن پہلے ملاقات کی تھی، وہ ایک دم چاق و چوبند نظر آرہا تھا، سب ٹھیک تھا، مجھے اس کی موت کی خبر پر یقین نہیں ہورہا ہے۔“ سریش رانا نے بھی متوفی کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ وی وی ایس لکشمن، انیل کمبلے، ہر بھجن سنگھ او ردیگر نے افسوس کا اظہار کیا۔