ہندوستانی کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان سوربھ گانگولی کا ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کا نیا صدربننا طےمانا جارہا ہے۔ نئے صدرعہدے کی دوڑ میں برجیش پٹیل بھی مضبوط دعویدار ہیں۔ حالانکہ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، گانگولی بی سی سی آئی کے نئے صدربننے کے لئےمتفقہ امیدوارکے طور پر ابھرے ہیں۔ 47 سالہ سوربھ گانگونلی اس وقت کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) کے صدر ہیں۔ اگر وہ بی سی سی آئی کے نئے صدر بنتے ہیں تو انہیں ستمبر 2020 تک اس عہدے کو سنبھالنا ہوگا۔
خبرہے کہ 23 اکتوبر کو ہونے والی بی سی سی آئی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں الیکشن کرایا جاسکتا ہے۔ اس میں مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کے بیٹے جے شاہ نئےسکریٹری اورارون دھومل نئےخازن منتخب کئے جاسکتے ہیں۔ ارون دھومل بی سی سی آئی کے سابق صدر انوراگ ٹھاکر کے بھائی ہیں۔ وہیں آسام کے دیباجیت سوکیا جوائنٹ سکریٹری بنائے جاسکتے ہیں۔ شمال مشرق سے پہلی بارکسی شخص کوبی سی سی آئی میں اتنا بڑا عہدہ ملےگا۔
بی سی سی آئی صدر بننے کےلئے سوربھ گانگولی اوربرجیش پٹیل کا نام چل رہا تھا اورہفتوں کی لابنگ اور کوششوں کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ ممبئی میں اتوارکی رات این شری نواسن، انوراگ ٹھاکراورراجیو شکلا کے ساتھ ریاستوں کے نمائندوں کی غیررسمی میٹنگ میں اس فیصلےتک پہنچا جا سکا ہے۔
بی سی سی آئی صدر کے لئے کل پیر کو پرچہ نامزدگی کی جائےگی، لیکن کوئی الیکشن نہیں ہوں گے۔ آئی پی ایل چیئرمین اور وائس چیئرمین عہدے کےلئے بات چل رہی ہے۔ سوربھ گانگولی اوربرجیش پٹیل کے درمیان صدرعہدے کےلئے زبردست ٹکرمانی جارہی تھی۔