نئی دہلی: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کی طرف سے دائر مقدمات کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے کانپور کے ایک اسکول کے ایک ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر کے قتل کے سلسلے میں دو افراد کو قصوروار قرار دیا ہے ۔ یہ معاملہ 24 اکتوبر 2016 کا ہے جب کانپور کے ایک گاؤں کے قریب ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر کو گھیر کر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس وقت وہ سائیکل پر گھر لوٹ رہے تھے ۔ این آئی اے کی ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دونوں نے یہ قتل اسلامک اسٹیٹ آف عراق اینڈ سیریا (آئی ایس آئی ایس) کے دہشت گردانہ منصوبوں کو پھیلانے کی سازشوں کو آگے بڑھانے کیلئے کیا تھا۔ یہاں این آئی اے کی ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملزم عاطف مظفر اور محمد فیصل خان کو لکھنؤ کی این آئی اے عدالت نے تعزیرات ہند کی دفعہ 302، 34 اور 120 بی، غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے ) کی دفعہ 16 (1 اے ) اور 18 اور آرمس ایکٹ کی دفعہ 3، 25 اور 27 کے تحت قصوروار پایا۔