سابق 10 سالہ حکومت میں ریاست کو قرض میں غرق کردیا گیا

   

کانگریس حکومت عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے، سابق ایم ایل اے پرتاپ ریڈی کی پریس کانفرنس
جنگاؤں۔/11 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جنگاؤں ضلع کانگریس پارٹی صدر و انچارج جنگاؤں اسمبلی حلقہ کانگریس پارٹی و سابق ایم ایل اے کموری پرتاپ ریڈی نے آج دوپہر کانگریس پارٹی دفتر پر اخباری نمائندوں سے کہا کہ کانگریس پارٹی اقتدار میں آکر 13 مہینے ہوئے ہیں اور وہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان کی تکمیل کررہے ہیں ۔ گذشتہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور میں تلنگانہ میں عوام کو کئی ایک مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تلنگانہ کے عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ تلنگانہ کو 10 سال میں قرض میں ڈبو کر چلے گئے آج کانگریس پارٹی اور تلنگانہ کے چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی کو ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ کے سی آر نے تلنگانہ کیلئے جو تحریک چلائی وہ جھوٹی ہے۔2014 میں تلنگانہ علحدہ ہوا تو صرف اور صرف سونیا گاندھی کی وجہ سے ہوا۔ تلنگانہ تحریک کے نام پر کروڑوں روپئے جمع کئے گئے جو لوگ تلنگانہ تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لئے انہیں بازو ہٹادیا گیا اور کے سی آر کے ارکان خاندان نے 10 سال تک تلنگانہ میں راج کرتے ہوئے حکومت چلائی۔ 10 سالہ حکومت اور 14 سال تلنگانہ تحریک چلاکر کے سی آر کے خاندان کے لوگ عہدے حاصل کرتے ہوئے کروڑوں روپئے کمائے۔ کے ٹی آر آج جو بات کررہے ہیں کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خاندان کے لوگ حکومت میں عمل دخل کررہے ہیں یہ بالکل غلط ہے۔ 2014 سے 2023 تک حکومت میں جو غلطیاں ہوئی ہیں اس کو عوام کے سامنے کانگریس پارٹی پیش کرے گی۔ کے سی آر نے فارم ہاوز میں بیٹھ کر حکومت چلائی۔ آج کانگریس پارٹی عوام کے درمیان رہتے ہوئے حکومت چلارہی ہے اور 6 گیارنٹیوں پر عمل کرنے کی پوری کوشش کررہی ہے۔ جھوٹے پراجکٹس بناکر ہریش راؤ، کے سی آر اور کے ٹی آر نے بہت سارا پیسہ اکٹھا کیا ہے۔ کے ٹی آر کی غلطیوں کی وجہ سے آج جیل کو جانے کیلئے انکوائری ہورہی ہے وہ بہت جلد جیل کو جائیں گے۔ کانگریس پارٹی عوام کے درمیان رہتے ہوئے کام کررہی ہے۔ اس موقع پر مارکٹ کمیٹی چیرمین جنگاؤں شیوا راج یادو، پی سی سی ممبر سرینواس ریڈی، جنگاؤں ٹاؤن صدر کانگریس بچی ریڈی، نرسی ریڈی، سرینواس، بال ریڈی، جمال شریف ایڈوکیٹ اور دوسرے موجود تھے۔