ساتوک۔چراغ نے پہلی بارچائنا ماسٹرز بیاڈ منٹن کا خطاب جیت لیا

   

شین زنگ ۔7؍ستمبر ( ایجنسیز )ہندوستان کے ساتوک سائراج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی نے اتوار کو بی ڈبلیو ایف سوپر 750 ٹورنامنٹ چائنا ماسٹرز میں پہلی بار مینس ڈبلز کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں ساتوک۔چراغ نے چین کے جی ٹنگ اور رین شیانگ یو کی جوڑی کو 11-21، 21-13، 21-17 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ساتوک۔چراغ کی جوڑی اس ٹورنامنٹ میں 2023 اور 2025 میں رنر اپ رہی تھی جبکہ 2024 میں وہ سیمی فائنل تک پہنچی تھی۔ایشین گیمز کے موجودہ مینز ڈبلز چیمپئن ساتوک اور چراغ اس ٹورنامنٹ کے 2005 میں آغاز کے بعد اسے جیتنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔جی ٹنگ اور رین شیانگ یو نے شاندار آغاز کرتے ہوئے 5-0 کی برتری حاصل کی اور ہندوستانی جوڑی پر دباؤ بنا دیا۔ دوسرے گیم کا آغاز بھی چین کے حق میں ہوا اور چینی کھلاڑیوں نے 2-0 کی برتری حاصل کرلی تاہم ساتوک اور چراغ نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اسکور 3-3 اور پھر 6-6 سے برابر کردیا۔ہندوستانی جوڑی نے چینی کھلاڑیوں کی واپسی کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے دوسرا گیم 21-13 سے جیت لیا اور مقابلے کو فیصلہ کن گیم تک پہنچا دیا۔فیصلہ کن گیم میں چینی کھلاڑیوں نے ایک بار پھر مضبوط آغاز کیا اور 4-0 کی برتری حاصل کرلی۔ ساتوک اور چراغ نے ہمت نہیں ہاری اور اسکور 7-7 سے برابر کردیا۔ وقفے تک ہندوستانی جوڑی نے 11-9 کی برتری حاصل کرلی۔اس کے بعد دونوں جوڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ جاری رہا۔ ساتوک اور چراغ نے اپنا حوصلہ اور تحمل برقرار رکھا اور آخر میں مسلسل 4 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے فیصلہ کن گیم 21-17 سے اپنے نام کرلیا۔ اس طرح 70 منٹ تک جاری رہنے والے سنسنی خیز فائنل میں ساتوک۔چراغ نے چینی جوڑی کو 2-1 سے شکست دے کر پہلی بار چائنا ماسٹرز کا خطاب اپنے نام کرلیا۔ بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور پر یہ ساتوک اور چراغ کا 10واں خطاب ہے۔ رواں سال یہ ان کا دوسرا سوپر 750 ٹائٹل اور مجموعی طور پر چوتھا خطاب ہے۔