جے پور: راجستھان میں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سے کانگریس میں شامل ہونے والے راجندر سنگھ گُڑھا اپنے ساتھی ایم ایل اے کو وزیر نہ بنائے جانے سے ناراض ہیں۔ یاد رہے مسٹر گُڑھا سمیت چھ ایم ایل اے ہیں جو بی ایس پی سے کانگریس میں شامل ہوئے تھے ۔گُڑھا کو حال ہی میں وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے داخلہ اور سلامتی کا وزیر مملکت بنایا ہے ۔ مسٹر گُڑھا نے اپنا وزارتی عہدہ نہیں سنبھالا ہے اور سرکاری گاڑی بھی چھوڑ دی ہے ۔ مسٹر گُڑھا نے واضح کیا کہ میں نے وزیر اعلی اشوک گہلوت اور انچارج اجے ماکن کو اپنی ناراضگی سے آگاہ کیا ہے ۔ انہوں نے رمیش مینا کو کابینہ وزیر بنائے جانے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پچھلی حکومت میں مسٹر مینا ان کے جونیئر تھے اور اب مجھے کابینہ میں جونیئر بنایا گیا ہے ۔مسٹر مینا آخری بار بی ایس پی سے کانگریس میں شامل ہوئے تھے اور مسٹر گُڑھا اس وقت بی ایس پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر تھے ۔مسٹر گُڑھا کی ناراضگی کو جواز بناتے ہوئے وزیر اعلیٰ گہلوت نے کہا کہ کابینہ میں سبھی کو مطمئن کرنا مشکل ہے لیکن ہم مسٹر گُڑھا کو راضی کرلیں گے ۔