سات سرپنچوں اور دو نائب سرپنچوں کو ’’ وجہ بتاؤ نوٹس ‘‘

   

ضلع رنگاریڈی میں لاپرواہی اورغیر مجاز لے آؤٹس کے تدارک میں ناکامی کا شاخسانہ

حیدرآباد۔/20نومبر، ( سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی میں اپنے مبینہ فرائض سے غفلت و لاپرواہی برتنے اور غیر مجاز لے آؤٹس کا تدارک کرنے میں ناکام سات سرپنچوں اور دو نائب سرپنچوں کو ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر ضلع رنگاریڈی شریمتی پدمجا رانی نے نوٹسیں ( شو کاز نوٹسیں ) جاری کئے۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ سرپنچوں کا ضلع رنگاریڈی کے مختلف گرم پہنچایتوں سے تعلق بتایا گیا۔ شریمتی پدمجا رانی نے سرپنچوں کو نوٹسیں جاری کرنے کی وجوہات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ جی او نمبر 111 کے حدود میں پائے جانے والے معین آباد منڈل کے چلکور میں غیر مجاز لے آؤٹس کا تدارک کرنے میں مقامی سرپنچ شریمتی جی سواروپا ناکام ثابت ہوئیں۔ اسی طرح منڈل کے تول کٹہ مقام پر غیر مجاز لے آؤٹس اور مکانات کی تعمیرات کیلئے سرپنچ کنکا مامیڈی مسٹر سرینواس نے اجازت و منظوری دی تھی۔ اس کے علاوہ ایک اور سرپنچ مسٹر پی جناردھن ریڈی نے جی او نمبر 111 کی خلاف ورزی کئے جانے کے باوجود خاموشی اختیار کی تھی۔ بلکہ مذکورہ جی او کے تحت آنے والے سروے نمبروں میں پائی جانے والی 32 ایکڑ اراضی کے رقبہ پر مشتمل تیار کئے گئے لے آؤٹس کو روکنے میں بھی ناکام ثابت ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ سرنگل سرپنچ شریمتی جی لاونیا بھی اسی طرح غیرمجاز لے آؤٹس کا انسداد کرنے میں ناکام رہیں۔ ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر نے مزید بتایا کہ کندکور منڈل کے پولی مامیڈی سرپنچ شریمتی وی انیتا نے 30 یومی منصوبہ پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر انجام دیئے گئے کاموں سے متعلق کسی قراردادوں کے بغیر، ایم بی ریکارڈ کے بغیر، ووچرس اور بلوں کے بغیر، پنچایت سکریٹری کی علم و اطلاع کے بغیر چیکس جاری کئے۔ اسی طرح مہیشورم منڈل کے سری گیری پورم سرپنچ کے سریش نے گرام پنچایت کے بینک اکاؤنٹ کھاتے میں 20.22 لاکھ روپیوں کی موجودگی کے باوجود رقومات نہ رہنے کی اخبارات کے ذریعہ غلط تشہیر کرنے پر نوٹسیں جاری کی گئیں۔ جبکہ یاچارم منڈل کے مونڈی گوپلی کے سرپنچ بی کرشنا نے ایم پی ڈی او کے خلاف سوشیل میڈیا میں قابل اعتراض پوسٹس کرکے عہدیداروں کو خوفزدہ کیا۔ اور پنچایت سکریٹری کے ساتھ تعاون نہ کرکے من مانی انداز میں توہین آمیز رویہ اختیار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شنکر پلی منڈل ایری کنٹہ تانڈہ کے نائب سرپنچ بی لکشمن نے 30 روزہ منصوبہ پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر کام انجام دینے کے دوران پنچایت آفس کو قفل ڈال کر پنچایت سکریٹری کو فرائض کی انجام دہی سے باز رکھنے ( رکاوٹیں پیدا کرنے ) پر نوٹسیں جاری کی گئی۔ اس کے علاوہ اسی منڈل ( شنکر پلی ) کے ماسانی گوڑہ کے نائب سرپنچ بی وینکٹیشور ریڈی نے انجام دیئے گئے ترقیاتی کاموں، اسٹاف کی تنخواہوں سے متعلق چیکوں پر دستخط نہ کرکے ہراساں کیا۔ شریمتی پدمجا رانی ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر ضلع رنگاریڈی نے بتایا کہ مذکورہ تمام سرپنچوں کے خلاف موصولہ شکایات کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے ضلع کلکٹر مسٹر ہریش کی ہدایات پر مذکورہ سرپنچوں و نائب سرپنچوں کو وضاحت طلب کرتے ہوئے نوٹسیں ( شوکاز نوٹسی ) جاری کئے گئے۔