سات ممالک سے آنے والوں کی لازمی نگرانی چین ‘ ایران ‘ اٹلی اور اسپین بھی شامل

   

حیدرآباد 16 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت تلنگانہ نے کہا ہے کہ اس نے سات ممالک سے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹر نیشنل ائرپورٹ پر آنے والے تمام مسافرین کو نگرانی میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ائرپورٹ پر ان کی آمد کے ساتھ ہی انہیں نگرانی میں بھیج دیا جائیگا ۔ ان ممالک میں چین ‘ ایران ‘ اٹلی ‘ جنوبی کوریا ‘ فرانس ‘ جرمنی اور اسپین شامل ہیں۔ واضح رہے کہ چین ‘ ایران ‘ اٹلی اور اسپین میں یہ وائرس شدت کے ساتھ پھیل رہا ہے اور یہاں سینکڑوں افراد جان گنوا رہے ہیں۔ ریاستی حکومت کے حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ نگرانی کے اور اسکریننگ کے دوران جس کسی مسافر میں اس خطرناک وائرس کی علامات پائی جائیں گی انہیں فوری سب سے الگ تھلگ کردیا جائیگا اور تنہائی میں علاج کیلئے منتقل کردیا جائیگا ۔