لندن: بسااوقات بے دھیانی میں خریدی ہوئی شے بھی ایک قیمتی خزانہ ثابت ہوسکتی ہے۔ عین اسی طرح سستی اشیا کی دکان سے خریدی گئی سات ڈالر کی کرسی اب 21 ہزار ڈالر یعنی 33 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی ہے۔لکڑی اور بید کی پٹیوں سے بنائی گئی کرسی بیسویں صدی کے مشہورفنکار کولومن موسر نے اپنے ہاتھوں سے بنائی تھی۔ ایک خاتون نے بے دھیانی میں اسے برطانوی علاقے برائٹن سے خریدا تھا۔تاہم خاتون کو اس کی اہمیت کا کچھ کچھ اندازہ ضرور تھا۔ کرسی گھر لانے کے بعد خاتون نے اس کی کچھ تصاویر وی اینڈ اے میوزیم کو بھیجیں لیکن وہاں سے کوئی جواب نہیں ملا۔ اس کے بعد انہوں نے نایاب اور تاریخی اشیا خریدنے والی کمپنی سورڈرز کو بھیجیں۔سورڈرز میں ڈیزائننگ کے ماہرجان بلیک نے فوری طور پر خاتون کو پرجوش جواب دیا۔