سات کے منجملہ پانچ میونسپل کارپوریشنس پر کانگریس کا قبضہ

   

کتہ گوڑم میں سی پی آئی ‘کریم نگر میں بی جے پی کا امیدوار منتخب، دو مسلم امیدوار ڈپٹی میئر کے عہدہ پر منتخب
حیدرآباد ۔16 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے 7 میونسپل کارپوریشنس کے میئر عہدوں میں 5 پر کانگریس کو ، ایک پر سی پی آئی اور ایک پر بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوئی جبکہ 2 مسلم امیدوار ڈپٹی میئر منتخب ہوئے ہیں جن کا مجلس سے تعلق ہے۔ واضح رہے کہ ریاست کے 7 میونسپل کارپوریشنس کے لئے 11 فروری کو رائے دہی ہوئی اور 13 فروری کو نتائج برآمد ہوئے ۔ آج بروز پیر 16 فروری کو میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات منعقد ہوئے جس میں کئی ڈرامائی مناظر دیکھنے کو ملے۔ کریم نگر ، نظام آباد ، راما گنڈم ، محبوب نگر ، نلگنڈہ ، منچریال ، کتہ گوڑم میونسپل کارپوریشنس کیلئے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والوں کی تفصیلات اس طرح ہے۔ کریم نگر میں بی جے پی کے امیدوار کے سرینواس میئر اور وائی سنیل راؤ ڈپٹی میئر کی حیثیت سے منتخب ہوئے ۔ نظام آباد کارپوریشن میں کانگریس کی اوما رانی میئر اور مجلس کی سلمیٰ تحسین ڈپٹی میئر منتخب ہوئیں ۔ راما گنڈم کارپوریشن کے لئے کانگریس کے امیدوار ایم سوامی میئر اور پی ایلیا ڈپٹی میئر کے طور پر منتخب ہوئے۔ نلگنڈہ میونسپل کارپوریشن کیلئے کانگریس کے امیدوار ایم چیتنیہ سرینواس ریڈی میئر ، مجلس کے محمد اشرف علی عمر ڈپٹی میئر منتخب ہوئے ۔ منچریال میونسپل کارپوریشن کیلئے کانگریس کے امیدوار ڈی مدھوکر میئر اور ایس رمیا مہیش ڈپٹی میئر منتخب ہوئے ۔ کتہ گوڑم میونسپل کارپوریشن کیلئے سی پی آئی کے امیدوار ایم گنیش میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے کانگریس کے امیدوار سی للیتا کماری منتخب ہوئے۔ محبوب نگر کارپوریشن کیلئے کانگریس کے امیدوار جی ممتا میئر اور ایم سریندر ریڈی ڈپٹی میئر منتخب ہوئے۔ میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے خصوصی حکمت عملی تیار کی گئی تھی۔ تاہم حکمراں کانگریس جماعت نے پانچ کارپوریشنس پر اپنا قبضہ جمالیا ہے ۔ نظام آباد میں کانگریس کو مجلس کی تائید حاصل ہوئی ، ساتھ ہی نلگنڈہ میں بھی مجلس نے کانگریس کی تائید کی۔ اسی طرح کتہ گوڑم میں کانگریس اور سی پی آئی نے ایک دوسرے سے اتحاد کرتے ہوئے میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدہ پر قبضہ جمالیا۔2