کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے بیان پر وینکٹ ریڈی اور کرن کمار ریڈی کی تنقید
حیدرآباد ۔3۔جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آؤٹر رنگ روڈ کے ٹنڈرس میں 12000 کروڑ کی بے قاعدگیوں سے متعلق کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ مرکزی حکومت نے آؤٹر رنگ روڈ کے شمالی حصہ میں تعمیری کاموں کیلئے ٹنڈرس طلب کئے ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ٹنڈر کی مالیت 7000 کروڑ ہے، ایسے میں 12000 کروڑ کی بدعنوانی کا الزام عائد کرنا مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر اور ہریش راؤ حکومت کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کر رہے ہیں۔ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے 12000 کروڑ کی بدعنوانی کا الزام عائد کیا گیا جبکہ پراجکٹس کی مالیت 7000 کروڑ ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں کرپشن اور بدعنوانیوں کی ہریش راؤ اور کے ٹی آر کو عادت ہوچکی ہے اور وہ کانگریس قائدین پر الزام تراشی کر رہے ہیں ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ آئندہ 20 برسوں تک تلنگانہ میں کانگریس حکومت قائم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2017 میں مرکزی حکومت نے ریجنل رنگ روڈ کے تعمیری کاموں کو روک دیا تھا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نمائندگی کے بعد مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ٹنڈرس طلب کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اسی دوران کانگریس رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی نے کے ٹی آر سے سوال کیا کہ 7 ہزار کروڑ کے پراجکٹ میں 12 ہزار کروڑ کی بدعنوانیاں کس طرح ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قائدین 10 سال تک بدعنوانیوں میں ملوث رہے، وہ کانگریس قائدین پر الزام تراشی کے ذریعہ حقیقی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ کانگریس حکومت نے کئی اسکامس کی تحقیقات کا آغاز کیا ہے اور جلد ہی اسکام میں ملوث افراد کے نام منظر عام پر آئیں گے۔1