ساحر لدھیانوی صدی تقریبات کے تحت آج بین الاقوامی سمینار

   

حیدرآباد : /18 ڈسمبر (پریس نوٹ) انجمن ترقی پسند مصنفین تلنگانہ کے زیراہتمام مقبول و معروف شاعر اور نغمہ نگار ’’ساحر لدھیانوی صدی تقریبات ‘‘ کے تحت 18 اور 19 ڈسمبر 2021 ء کو بین الاقوامی سمینارکا افتتاحی اجلاس سابق ممبر پارلیمنٹ سید عزیز پاشاہ کی سرپرستی میں منعقد ہوگا ۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت معروف دانشور اور ادیبہ محترمہ سیدہ نسیمہ تراب الحسن کریں گی ۔ اجلاس کے مہمان خصوصی دانشور اور ادیب ڈاکٹر سید تقی عابدی کناڈا ہوں گے ۔ اس دو روزہ بین الاقوامی سمینار کا کلیدی خطبہ الہ آباد یونیورسٹی کے سابق صدر شعبہ اردو اور عصر حاضر کے ممتاز دانشور ، نقاد پروفیسر علی احمد فاطمی پیش کریں گے ۔ پروفیسر فاروق بخشی نے مزید بتایا کہ سمینار کے افتتاحیہ اجلاس کے بعد محفل داستان گوئی کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ محفل داستان گوئی کا موضوع ’’ داستان تقسیم ہند کی ‘‘ ہے ۔ اس داستان کا اسکرپٹ عالمی سطح پر معروف داستان گو محمود فاروقی نے تیار کیا ہے ۔ ڈاکٹر معراج احمد کی ہدایت میں سجنے والی اس محفل میں اداکار کی حیثیت سے سید مظہر الدین اور مصباح ظفر اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔ سمینار میں ’’ساحر لدھیانوی کے فکر و فن ‘‘ پر 25 مقالے پیش کئے جائیں گے ۔ جن میں ساحر لدھیانوی کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جائے گی ۔ اس موقع پر ’’کیفی اعظمی صدی تقریبات ‘‘ کے تحت منعقدہ دو روزہ سمینار ’’کیفی اعظمی فکر و فن ‘‘ کے مقالوں پر مشتمل کتاب ’’اردو شاعری کا سرخ پھول : کیفی اعظمی ‘‘ جس کے مرتبین : پروفیسر فاروق بخشی اور محمد امان اے کے ہیں کی رسم اجراء بھی عمل میں آئے گی ۔