ساحلی پٹی پر پڑوسی ملک کے دہشت گردوں کی کارروائی ممکن

   

Ferty9 Clinic

کوئی ہمیں پریشان کرے تو اسے چین سے بیٹھنے نہیں دیا جائے گا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ
کولم 27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پڑوسی ملک کے دہشت گردوں کی جانب سے ہندوستان کی ساحلی پٹی میں کسی بڑے واقعہ کے اندیشے کو مسترد نہیں کیا جاسکتا تاہم ہم اپنی ساحلی اور بحری سکیوریٹی کو یقینی بنانے کے پابند ہیں۔ انہوں نے یہاں ایک مذہبی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان امن کے خواہاں کسی کے تعلق سے فکرمند نہیں ہے ۔ انہوں نے بالاکوٹ فضائی حملے کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بات کہی جو پلواما دہشت گرد حملے کے جواب میں کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پڑوسی ملک کے دہشت گردوں کی جانب سے ہندوستان کی ساحلی پٹی میں کسی بڑے واقعہ کے اندیشے مسترد نہیں کرتے ۔ یہ ساحلی پٹی کچ سے کیرالا تک پھیلی ہوئی ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ایک وزیر دفاع کی حیثیت سے وہ یہ تیقن دینا چاہتے ہیں کہ ملک کی بحری سلامتی بہت مستحکم اور مضبوط ہے ۔ ہم اپنی ساحلی اور بحری سکیوریٹی کو یقینی بنانے کے پابند عہد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ وزیر داخلہ تھے پلواما حملہ ہوا ہے اور ملک میں کوئی بھی ایسا نہیں ہے جو اس واقعہ میں جان گنوانے والے ہمارے سپاہیوں کی قربانیوں کو فراموش کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ سبھی جانتے ہیں کہ پلواما واقعہ کے کچھ دن بعد ہماری ائر فورس نے پاکستان میں بالاکوٹ پر فضائی حملے کئے تھے ۔ ہم کو کسی کی فکر نہیں ہے ۔ تاہم اگر کوئی ہمیں پریشان کرتا ہے تو ہم انہیں چین سے رہنے نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں اپنے سپاہیوں کی قربانیوں کو یاد نہیں کیا جاتا اسے دنیا میں کوئی معزز مقام نہیں ملتا ۔ انہوں نے کہا کہ جو سپاہی اپنی جان کی قربانی دیتے ہیں ہمیں ان کے افراد خاندان کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے ۔
پوار کے خلاف مقدمہ موقع پرستی : راہول
نئی دہلی 27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے آج مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت این سی پی لیڈر شرد پوار کے خلاف مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات سے قبل انتقامی رویہ اپنائے ہوئے ہے ۔ پوار کے خلاف منی لانڈرنگ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ راہول گاندھی نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ شرد پوار ایک اور ایسے اپوزیشن لیڈر ہیں جن کے خلاف حکومت انتقامی جذبہ سے کارروائی کر رہی ہے ۔ ان کے خلاف مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات سے ایک ماہ قبل یہ کارروائی کی گئی ہے جس سے حکومت کی موقع پرستی کا ثبوت ملتا ہے ۔