دبئی : بالی ووڈ اداکار اور ہندوستان کے فٹنس آئیکون ساحل خان نے دبئی میں ملینا الیگزینڈرا سے شادی کرلی ہے اور یہ شادی اس وقت سرخیاں بنانے میں سب سے آگے ہے۔ ان دونوں کی گزشتہ سال منگنی ہوئی تھی اور اب انہوں نے دنیا بھرکے لوگوں کے سامنے ایک شاندار تقریب میں شادی کر لی ہے۔ ساحل کی یہ دوسری شادی ہے، خاص بات یہ ہے کہ ملینا اور ساحل کی عمر میں ایک یا دو نہیں بلکہ 26 سال کا فرق ہے۔ شادی کے بعد پہلی بار ساحل نے ایک انٹرویو دیا ہے جس میں انہوں نے ملینا کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بات کی ہے۔ساحل نے ویلنٹائن ڈے پر دبئی میں برج خلیفہ کے سامنے ملینا سے شادی کی۔ انہوں نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شادی کی تصاویر بھی شائع کیں۔ اس تقریب میں صرف ان کے قریبی لوگ ہی موجود تھے۔ تاہم جب سے دونوں کے درمیان عمرکا فرق سامنے آیا ہے لوگ بہت سی باتیں کر رہے ہیں۔ حال ہی میں ساحل نے اس بارے میں لوگوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ محبت کی تعریف عمرکی بنیاد پر نہیں کی جا سکتی اور ہماری کہانی بھی ایسی ہی ہے۔ میرے مطابق، محبت تعلق، باہمی افہام و تفہیم اور ایک دوسرے کے ساتھ آگے بڑھنے کے بارے میں ہے، جس پر میں بھی یقین رکھتا ہوں۔ اپنی ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ساحل نے کہا ملینا کی عمر صرف 21 سال تھی جب ہم ملے۔ اس نے بتایا کہ جب میں نے اسے پہلی بار دیکھا تو وہ اپنی ماں کے ساتھ ماسکوکے ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھا رہی تھی۔ میں اپنے دوستوں کے ساتھ اسی جگہ موجود تھا۔ اس کے بعد ساحل نے ملینا کو ماڈلنگ اور فوٹو شوٹ کی پیشکش کی لیکن انہوں نے انکارکردیا۔ ملینا نے کہا کہ انہیں اس میں کوئی دلچسپی نہیں ہے اور وہ کسی ایسے شخص کی تلاش میں ہیں جس کے ساتھ وہ شادی کرکے گھر بسا سکے۔ ساحل نے کہا مجھے اس کی سادگی اتنی پسند آئی کہ اسی لمحے مجھے لگا کہ میں اس سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔اداکار نے کہا کہ جیسے ہی میں نے ملینا کو دیکھا، میں ان کی طرف متوجہ ہوا، لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس نے بھی میری طرف سے ایسا ہی محسوس کیا۔ اپنی عمر کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاہم وہ اپنی عمر سے زیادہ سمجھدار ہیں۔