چنئی، یکم دسمبر(آئی اے این ایس):چنئی میں کچھوؤں کے سالانہ انڈے دینے کے موسم کے آغاز سے قبل دس مردہ اولِو رِڈلی کچھوے ساحل پر ملنے سے ماہرین ماحولیات میں تشویش بڑھ گئی۔ لائٹ ہاؤس سے بیسنٹ نگر کے درمیان یہ ہلاکتیں معمول سے زیادہ بتائی جا رہی ہیں۔جنگلاتی عہدیداروں کے مطابق کئی مردہ کچھووں کے نچلے حصے گل چکے تھے، جس سے اندازہ ہے کہ یہ کچھوے کئی دن پہلے مرے اور سمندری لہریں انہیں ساحل تک لے آئیں۔ ماہرین کے مطابق مچھلی پکڑنے کے جالوں میں پھنسنا، بحری جہازوں کی ٹکر، پلاسٹک نگلنا اور سمندری آلودگی کچھوؤں کی ہلاکت کی اہم وجوہات ہیں۔ترالنگ کے باعث ہونے والی چوٹ کے شواہد نہیں ملے۔