ممبئی: مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ میں آج کئی ماہ کے بعد بی جے پی رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر ممبئی میں قائم خصوصی این آئی اے عدالت میں پیش ہوئی اور اپنی حاضری لگائی۔زعفرانی لباس میں ملبوس پرگیہ سنگھ ٹھاکر آج چل کر کمرہ عدالت میں داخل ہوئی اور اس نے جج سے کہا کہ اس کا ممبئی کے مشہور کوکیلا بین اسپتال میں علاج چل رہاہے لہذا وہ عدالت میں روزانہ آنے سے قاصر ہے ، اس سے قبل وہ وہیل چئیر پر آئی تھیں اور عدالت سے درخواست کی تھی کہ اس کی صحت ناساز ہے لہذا اسے عدالت میں روزانہ حاضر رہنے سے مشتثنی قرارد یا جائے ۔خصوصی جج پی آر سٹرے نے سادھوی پرگیہ سنگھ کو اس شرط پر اجازت دی تھی کہ اس کی غیرحاضری میں اس کے وکلاء عدالت میں موجود رہیں گے اور وہ عدالت کی کارروائی ملتوی کرنے کی گذارش نہیں کریں گے ۔ اس ضمن میں بم دھماکہ متاثرین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے ممبئی میں اخبار نویسوں کو بتایا کہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی عدالت سے مسلسل غیر حاضری کی شکایت کی گئی تھی جس کے بعد عدالت نے سادھوی کے وکلاء جے پی مشراء اور پرشانت مگو کو ہدایت دی تھی کہ وہ ملزمہ کو عدالت میں پیش ہونے کو کہیں۔گلزار اعظمی نے کہا کہ عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ تمام ملزمین کو حکم دے کہ وہ عدالتی کارروائی میں حصہ لیں جس پر عدالت نے حکم جاری کیا ہے ۔