سادہ بیع نامہ کو باقاعدہ بنانے تلنگانہ ہائیکورٹ کی حکومت کو اجازت

   

حیدرآباد 26 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے سادہ بیع نامہ کو باقاعدہ بنانے کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے 12 اکٹوبر 2020ء سے 10 نومبر تک موصولہ درخواستوں کی یکسوئی کی اجازت دی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے سادہ بیع نامہ کو باقاعدہ بنانے کے لئے 10 اکٹوبر 2020ء کو جی او جاری کیا تھا۔ جی او کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی جس پر نومبر 2020ء میں ہائیکورٹ نے جی او پر حکم التواء جاری کردیا تھا۔ تلنگانہ حکومت نے ہائیکورٹ میں اِس بات کی وضاحت کی کہ نئے بھوبھارتی قانون میں سادہ بیع نامہ کو باقاعدہ بنانے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ حکومت کی وضاحت سے مطمئن ہائیکورٹ نے سادہ بیع نامہ کو باقاعدہ بنانے کی اجازت دیتے ہوئے اس کی یکسوئی کردی۔1