حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : آر ٹی اے آفس میں آٹو ڈرائیورس کو لائسنس حاصل کرنے کے لیے درخواست دینے انہیں پہلے کار چلانا سیکھنے کے لیے کہا جارہا ہے تب ہی ان کو لائسنس جاری کیا جائے گا ۔ ریاست میں نئی شروع کی گئی سارتھی خدمات میں تھری وہیلر آٹو لائسنس کو ہٹا دیا گیا ہے ۔ اس نئے پورٹل میں لائسنس کا عمل پیچیدہ ہوگیا ہے ۔ سارتھی پورٹل میں تھری وہیلر آٹو لائسنس کا ذکر ہی نہیں ہے ۔ ٹسٹ ڈرائیو کے لیے عہدیدار آٹو کو چلانے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں ۔ آٹو کے بجائے کار چلانے کے لیے کہا جارہا ہے ۔ جس کے بعد آٹو ڈرائیورس کار ڈرائیونگ اسکولس کا چکر لگا رہے ہیں اور وہاں کار چلانا سیکھ رہے ہیں ۔ کار چلانا سیکھنے کے بعد انہیں ایل ایم وی لائسنس جاری کیا جائے گا جس کے ذریعہ آٹو بھی چلایا جاسکتا ہے ۔ آٹو ڈرائیوروں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس لائسنس کے حاصل کرنے کے بعد کئی ٹکنیکل مسائل پیدا ہوں گے ۔ ڈرائیوروں نے بتایا کہ سارتھی پورٹل سے آٹو کا نام و نشان ہی ختم کردیا گیا ۔ آٹو ڈرائیوروں نے الزام لگایا کہ سارتھی پورٹل کے ذریعے آٹو ڈرائیورس کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے ۔ آٹو ڈرائیورس نے کہا کہ سارتھی پورٹل کو اپ گریڈ کرتے ہوئے اس میں تھری وہیلر لائسنس کو شامل کیا جانا چاہئے ۔ آٹو ڈرائیور روزی روٹی کمانے کے بجائے کار سیکھنے میں وقت گزارے گا تو ان کے اخراجات کون برداشت کرے گا اور نئے لائسنس حاصل کرنے پر ان کی پہچان بھی ختم ہوجائے گی ۔۔ ش