اسلام آباد ۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے کورونا وائرس وبا کے سلسلہ میں سارک اقوام کی حالیہ ویڈیو کانفرنس کے دوران مسئلہ کشمیر کو اٹھانے کے اپنے اقدام کی مدافعت کی اور ہندوستان کے دعوے کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا کہ اسلام آباد میں اپنے غیرضروری بیان کے ذریعہ انسانیت سے جڑے مسئلہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔ پاکستان کے مملکتی وزیرصحت ظفرمرزا نے اتوار کی کانفرنس کے دوران کہا تھاکہ کشمیر میں مکمل بند جیسی صورتحال کو فوری ختم کرتے ہوئے وہاں وائرس کے سدباب کے اقدامات کئے جائیں۔ پاکستان کے دفترخارجہ نے کہا کہ مرزا نے کورونا کے تناظر میں کشمیر میں ہیلت ایمرجنسی پر توجہ مبذول کرائی اور وہاں طبی اشیاء تک رسائی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
