سارہ علی خان بہت محنتی ، کردار میں جان ڈال دیتی ہیں : دھنوش

   

ممبئی : تمل فلم انڈسٹری اور بالی ووڈ کے مشہور اداکار دھنوش (وینکٹیش پرابھو کستوری راجہ) نے اپنی آئندہ آنے والی فلم اترنگی رے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے ساتھ فلم میں کام کرنے والی نوجوان اداکارہ اور بالی ووڈ کے معروف اسٹار سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کے کام کو سراہا ہے ۔ میڈیا سے حال ہی میں بات چیت کرتے ہوئے دھنوش نے سپر اسٹار اکشے کمار اور سارہ علی خان کے ساتھ کام کے حوالے سے گفتگو کی ۔ اس سال ریلیز ہونے والی تمل فلم کرنان کے اداکار کا مزید کہنا تھا کہ سارہ علی خان کے ساتھ کام کا تجربہ بہت اچھا رہا ۔ سارہ بہت محنتی ہیں اور انہوں نے اپنی اداکاری سے کردار میں جان ڈال دی ۔ میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں ۔جبکہ سوپر اسٹار اکشے کمار کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ نہایت ہی ایماندار اور وقت کے پابند ہیں ۔ ان سے سیکھ کر کافی مزہ آیا ۔ 38 سالہ دھنوش نے فلم اترنگی رے کے بارے میں بتایا کہ یہ بہت دلچسپ ہے ۔ فلم کی شوٹنگ کے دوران کافی اچھا وقت گزرا ، لیکن اس میں کافی محنت کرنی پڑی ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک مشکل فلم ہے ۔